بنگلورو9/فروری (ایس او نیوز) محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ سرکاری خزانہ کی بدتر مالی حالت کے پیش نظر کالج طلبہ کو مفت لیاپ ٹاپ تقسیم کرنے کی جو اسکیم ہے وہ سال 2020/21 کے لئے منسوخ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سدارمیا کی ریاستی حکومت نے 2016/17میں درج فہرست ذات اور قبائل سے تعلق رکھنے والے اور کالج میں زیرتعلیم طلبہ کے لئے مفت لیاپ ٹاپ تقسیم کرنے کی اسکیم شروع کی تھی۔صرف درج فہرست طلبہ کو ہی لیا پ ٹاپ دئے جانے پر اعتراضات ہونے لگے تو دیگر عام طبقات کے اہل طلبہ کو بھی لیاپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ اُس وقت ایک لیاپ ٹا پ کی قیمت 14,500روپے طے ہوئی تھی۔ اب اس کی قیمت 28ہزار روپے ہوگئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو سال سے اس اسکیم کو روک لیا گیا تھا لیکن اس وقت ایڈی یورپا کی ریاستی حکومت سنگین مالی بحران کا شکار ہونے کے باوجود امسال اس اسکیم کو آگے بڑھانے کے لئے 280 کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت 1.09لاکھ طلبہ کو لیاپ ٹاپ تقسیم جاری کیے جائیں گے۔ مگر فائنانس ڈپارٹمنٹ نے مالی بحران کے پیش نظر اس پر اعتراض جتایا ہے۔ اس وجہ سے سال 2020/21کے لئے اس اسکیم کا تخمینہ پیش نہیں کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ اسکیم اب آئندہ کے لئے منسوخ کی جارہی ہے۔